اسلام آباد(اُمت نیوز)پنجاب حکومت نے تین افسران کو عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) رحیم یار خان احمد رضا بٹ،منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بہاولپور نعیم اقبال سید اور ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی فیصل آباد میاں عبدالقدیر شاہ کو تبدیل کر کے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس ضمن میں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ملزمان سے ساز باز، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 3ڈی ایس پیز کو معطل کر دیاجس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ساہیوال سابق ایس ڈی پی دہلی گیٹ ملتان محمد شہباز گل معطل،ایس ڈی پی او صدر جھنگ محمد اسلم معطل،ایس ڈی پی او بارگاہ ننکانہ صاحب سلیم حیدر شاہ کو معطل کیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سلیم حیدر شاہ کو مختلف کیسز میں ملزمان کو فائدہ اور جھوٹی ایف آئی آر دینے پر معطل کیا گیا۔
ڈی ایس پی محمد اسلم کو 02بے گناہ افراد کو ایف آئی آر میں ناجائز طور پر نامزد کرنے، غلط ڈیٹینشن آرڈر جاری کروانے پر معطل کیا گیا جبکہ ڈی ایس پی شہباز گل کو قبضہ مافیا کے ساتھ سازباز کی پاداش میں معطل کیا گیا۔