میاں چنوں: اولمپکس میں پاکستان کیلیے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم قافلے کی صورت میں اپنے آبائی گھر میاں چنوں پہنچ گئے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
قومی ہیرو کے استقبال کیلیے پورا گاؤں امڈ آیا، پھولوں کی پتیاں اور نوٹ نچھاور کیے گئے، ارشد ندیم کے گاؤں میں جشن کا سماں بندھ گیا، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جبکہ فضا ارشد ندیم زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے گھر پہنچنے پر جذبانی مناظر دیکھنے میں آئے، ماں نے عظیم سپوت کو گلے لگا کر استقبال کیا، ارشد ندیم والدہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئے، دیکھنے والوں کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک پڑے، عزیز واقارب اور خواتین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے اور گلے لگ کر مبارکباد پیش کی۔
گھر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ عزت اور پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، جیسے مجھے سب عزت دے رہے ہیں بہت خوشی ہو رہی ہے، 2028 اولمپکس کی بھرپور تیاری کروں گا، مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ نیرج چوپڑا بھی بھائیوں کی طرح اور دوست ہے، جس ایتھلیٹ نے جتنی محنت کی اللہ نے اس کا پھل دیا۔
قبل ازیں قومی ہیرو قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
آبائی علاقے پہنچنے پر قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، شہر کے داخلی راستوں پر ویلکم ارشد ندیم کے پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے تھے۔