اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ غزہ میں ظلم سے پاکستان کے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں۔
شہبازشریف نے اقلیتوں کے دن کے حوالے سے لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں ملکی تعمیروترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، 11 اگست کو قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخی بیان دیا تھا کہ یہاں سب کو مساوی آئینی حقوق ملیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں جو ظلم ڈھایا جارہا ہے اس کی وجہ سے آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں، دنیا فلسطینیوں کی نسل کشی کا تماشہ دیکھ رہی ہے، دن رات فلسطینیوں پر آگ برس رہی ہے اور عالمی برادری خاموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم اپنی فوج کے ساتھ مل کر ظلم کر رہا ہے، دہائیوں پہلے پاس کرائی گئی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہیں، اسرائیلی جارحیت پر صرف لفاظی سے کام لیا جاتا ہے، لفاظی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہورہا۔
وزیراعظم نے مزید کا کہ ہمارے اقلیتی سپاہیوں نے بھی دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دیں، ہمیں اقلیتوں کو گلے سے لگانا چاہیے۔