فوج کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔، آرمی چیف

راولپنڈی(اُمت نیوز)وطن عزیز کے 77ویں یوم آزادی پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

آرمی چیف کو سلامی کے چبوترے پر پہنچنے کے بعد چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی تقریر سنائی گئی۔

پریڈ میں لیزر شو لائٹ کا زبردست ایونٹ رکھا گیا جس کے ذریعے تعمیر پاکستان اور جدوجہد آزادی کے مناظر دکھائے گئے جبکہ کیڈٹس نے مارچ پاسٹ کیا، اس موقع پر بینڈ نے قومی نغموں کی دھنیں پیش کیں۔

بعد ازاں رات بارہ بلوچ رجمنٹ نے پرچم کشائی کی گئی اور تقریب میں موجود شرکا نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں کیڈیٹس، افسران کے اہل خانہ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی اور کیڈٹس کو مارچ پاسٹ پر داد پیش کی۔ نظم و نسق کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں نے وطن عزیز کیلیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب کے آغاز میں پوری قوم کو جشن آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن رب کا شکر بجا لانے کا دن ہے جس نے ہمیں وطن عزیز جیسی نعمت اور آزادی سے نوازا اور ہمیں ہمت اور حوصلہ عطا کیا تاکہ ہم اس کا دفاع کرسکیں اور آنے والے نسلوں کیلیے اسے کامیاب مثال بناسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریے پر مبنی ہے، اس نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت، ثقافت اور تہذیب قائم کرنے کا موقع فراہم کیا، قیام پاکستان کا مقصد محض جغرافیائی خطے کا حصول نہیں تھا بلکہ ایک ایسی فلاحی ریاست کا قیام تھا جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کی بنیاد پر معاشرہ افہام و تفہیم سے مسلمانوں سمیت تمام مذاہب کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرسکے۔

قائد اعظم کی عظیم قیادت اور برصغیر کے ہزاروں مسلمانوں کی بے لوث قربانیوں کا ثمر ہے، آج کے دن ہم تحریک پاکستان کے کارکنان اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’یاد رکھیں، نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر کے بیرونی جارحیت کیلیے راہ ہموار کردیتے ہیں، قوم کا پاک فوج پر غیر متزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، یہ مضبوط رشتہ ہمارے مشکل حالات میں ہماری قوت بن کر حوصلوں اور جذبوں کو بڑھانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، فوج کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کوئی منفی قوت اعتماد کے اس رشتے کو کمزور کرسکی ہے اور نہ ہی آئندہ کرسکے گی، افواج پاکستان نے ملک کے دفاع کی قسم کھا رکھی ہے جس کی آبیاری وہ اپنے خون سے کررہی ہے، ہم کسی بھی صورت اور قیمت پر اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جنکی رفتار اور نوعیت غیرمعمولی ہے، مگر اس کے قطع نظر پاکستان اپنے مؤقف کی بدولت مسلم امہ اور دنیا میں نمایاں مقام رکھتا ہے، پاکستان کا مستقبل روشن و تابناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے خطے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے عزائم سرگرم عمل ہیں، عوام، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں کی اور آنے والے وقتوں میں بھی قربانیاں دینے کا مسما ادارہ رکھتے ہیں۔