ہر زندہ اور جیتی جاگتی قوم اپنا احتساب کرتی ہے،وزیرِ اعلیٰ پنجاب

 

لاہور(اُمت نیوز)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر زندہ اور جیتی جاگتی قوم اپنا احتساب کرتی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی اور علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو بوائے اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی پیش کی جبکہ ان کے استقبال کے لیے سندھی، بلوچی، پنجابی اور دیگر علاقائی لباسوں میں ملبوس طلباء شامل تھے۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرچم کشائی بھی کی۔

پرچم کشائی کی تقریب بادشاہی مسجد اور لاہور کے شاہی قلعے کے درمیان واقع حضوری باغ میں ہوئی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز خصوصی بچوں سے ملیں اور بچوں نے نغمہ گایا، مریم نواز نے نغمہ گانے پر خصوصی بچوں کو داد دی۔

یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم پائندہ قوم ہیں، اللّٰہ پاکستان کو ہمیشہ قائم رکھے، پاکستان اللّٰہ کی طرف سے ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ قوم کو 78ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، گزشتہ روز قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے میاں چنوں گئی، پاکستانی قوم میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا اقلیتوں کا بھی ہے، ملک کا نام مختلف میدانوں میں روشن کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر شخص کو یکساں حقوق حاصل ہیں، ملک میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے، ایک قوم بن کر ملک کے لیے سوچیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے، آزادی کی قدر ان قوموں سے پوچھیں جو ظلم کا شکار ہیں، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے، وطن پر جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ فلسطینیوں کو ظلم سے نجات دلائے۔تقریب میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب بھی نے شرکت کی۔