اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے کہ ہماری جنگ آج بھی جاری ہے، آئین و قانون میں رہ کر کام کر رہے ہیں تاکہ نظریاتی و جغرافیائی سرحدیں قائم رہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اس ملک کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے بہت قربانیاں دیں، ہمیں ان قربانیوں کا شاید احساس نہیں کیونکہ ہم اس وقت موجود نہیں تھے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ شہداء کو یاد رکھنا ضروری ہے، شہداء ملک بنتے وقت سے اب تک جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ایک پودا ضرور لگائیں تاکہ آنے والی نسلیں جان سکیں کہ ان کے لیے کسی نے کچھ کیا ہے، اپنے بزرگوں اور بچوں سے پودے لگوائیں تاکہ وہ نشانی کے طور پر رہیں۔