لندن(اُمت نیوز) برطانیہ کی عدالت نے مسجد کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والی خاتون کو قید کی سزا سنا دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے دوران مسجد سے متعلق نفرت انگیز پوسٹ کرنے والی 53 سالہ خاتون کو 15 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔
سزا پانے والی خاتون جولی سیوینی نے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ غصے میں کی تھی مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ پوسٹ کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا نہیں تھا۔ اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردوں گی۔
دوسری جانب ساؤتھ پورٹ میں چاقو حملے میں بچیوں کی موت کے بعد ہونے والے فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ برطانوی عدالت نے نسل پرستی اور ہجوم کو اکسانے کے الزام میں دو افراد 26 سالہ کونر وائیٹلی اور 49 سالہ ٹریور لائیڈ کو 3،3 سال قید کی سزا سنا دی۔
جنوبی یارک شائر میں 60 سالہ گلین گیسٹ کو پولیس اہلکار کو گھسیٹنے کے الزام کے جرم 2 سال اور 8 ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی جبکہ برسٹل میں 34 سالہ ڈومینک کپالڈی کو ہنگامہ آرائی پر 34 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔