سری نگر(اُمت نیوز)مقبوضہ جموں و کشمیر میں قدم قدم پر بھارتی فوجی کی تعیناتی اور سخت ترین پابندیوں کے باوجود پاکستان کا یومِ آزادی جوش اور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادیٔ کشمیر اور جموں کے مختلف علاقوں میں پاکستان کا یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر جگہ جگہ پاکستانی پرچم اور پوسٹرز لگائے گئے۔
کشمیری نوجوانوں نے جنت نظیر وادی پر غیر قانونی قبضے کے خلاف جموں، راجوری، ڈوڈا اور اسلام آباد سمیت متعدد اضلاع میں بھارتی پرچم نذر آتش کردیے۔
حریت جماعتوں نے بھی سری نگر میں پاکستان کا یوم آزادی منایا اور اس مناسبت سے منعقد کی گئیں تقریب سےخطاب میں حریت رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر کشمیریوں کے آزادی کے عزم کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔
اس موقع پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیریوں کی 1947 سے ان کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
کُل جماعتی حریت کانفرنس نے آج 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور مقبوضہ علاقے میں سیاہ پرچم لہرانے کی کال کی حمایت کردی۔