غیر ملکی خاتون سیاح زیادتی ڈرامے کا ڈراپ سین،راولپنڈی کی نکلی

غیر ملکی خاتون سیاح سے زیادتی کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا۔خاتون مقامی اور راولپنڈی کی رہائشی نکلی.

خاتون نہ تو جرمنی یا بیلجیم سے تعلق رکھتی ہے اور نہ ہی اس کی ٹریول ہسٹری موجود ہے۔متعلقہ سفارت خانے نے بھی شہریت تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کے علاقے سے غیرملکی خاتون سے مبینہ جنسی تشدد کا ڈراپ سین ہوگیا ہے، خاتون پر جنسی تشدد کے شواہد ملے اور  نہ ہی وہ غیرملکی شہری ہے۔

نادرا ریکارڈ کے مطابق خاتون کا نام فروا کیانی اور اس کے والد کا نام  سطان فرید کیانی ہے۔ وہ راولپنڈی کی رہائشی ہے ۔ ذرائع کے مطابق خاتون نے غیر ملکی ہونے کا دعویٰ کیوں کیا، اس کے محرکات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس ذرائع  تصدیق کرچکے تھے کہ خاتون پوٹھوہاری زبان بولتی ہیں، دوسری طرف بیلجیئم سفارت خانے نے بھی خاتون کے بیلیجیئم کی شہری ہونے کی تصدیق نہیں کی تھی، خاتون کا طبی معائنہ بھی کروایا گیا، میڈیکل رپورٹ میں خاتون پر جنسی تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک خاتون آبپارہ تھانے کی حدود میں بے ہوشی کی حالت میں ملی تھی جس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ابتدائی اطلاعات میں یہ بتایا گیا تھا کہ مذکورہ خاتون کا تعلق بیلجیئم سے ہے اور وہ سیاح ہے جسے مبینہ طور پر چار روز تک زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ہاتھ باندھ کر یہاں پھینکا گیا ہے۔تاہم اب اس پہلو پر تحقیقات کی جا رہی ہے کہ کہیں یہ یوم آزادی پر پاکستان کو بدنام کرنے کا ایک اور ڈرامہ تو نہیں تھا۔