پشاور(اُمت نیوز) پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد کہیں نشیبی علاقے زیر آب تو کہیں نالوں میں طغیانی آ گئی جب کہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت پشاور کے قرب و جوار میں صبح کے وقت کہیں تیز اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ شہر کے کچھ علاقوں میں تیز بارش کی وجہ سے پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا، جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
تیز بارش کی وجہ سے کچھ نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ پشاور میں یونیورسٹی ٹاؤن، فقیر آباد، حیات آباد میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم کچھ علاقوں میں معمولی بارش بھی ہوئی، مجموعی طور پر شہر میں حبس اور گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
اُدھر لوئر دیر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ بارش کے دوران اکثر علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی اٹھانی پڑی۔