ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار میں معمولی بہتری آنا شروع

 

لاہور (اُمت نیوز) پاکستان بھر میں تقریباً ایک ہفتے تک انتہائی سست رفتاری کے بعد گزشتہ روز سے ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار میں معمولی بہتری آنا شروع ہوگئی۔

پاکستان میں گزشتہ ایک ماہ سے انٹرنیٹ سکیورٹی نیٹ ورک سسٹم ’فائر وال‘ کی تنصیب اور تجربات کی وجہ سے جہاں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہے، وہیں تقریباً تمام سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشن کی سروسز بھی متاثر ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) یا حکومت پاکستان نے ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتار پر کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا، تاہم رواں ہفتے 15 اگست کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی کو انٹرنیٹ رفتار بہتر بنانے سمیت سوشل میڈیا ایپس کی سروس بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔

رواں ہفتے ہی یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ملک میں سوشل میڈیا پر بھی فائر وال کی آزمائش کا تجربہ کر لیا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی سروس اور رفتار بہتر ہونے کی توقع ہے۔

ملک بھر میں 17 اگست سے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز اور انٹرنیٹ کی رفتار میں معمولی بہتری نوٹ کی گئی، تاہم اس کے باوجود متعدد شہروں سے صارفین نے انٹرنیٹ کے سست رفتار ہونے کی شکایات کیں۔