وسطی غزہ میں لڑائی، 2 اسرائیلی میجر ہلاک

 

وسطی غزہ(اُمت نیوز)اسرائیلی فوج کے غزہ میں حملے جاری ہیں، وسطی غزہ میں لڑائی کے دوران اسرائیل کو مزید 2 فوجی افسران کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے میجر یوٹم یتزاک پیلڈ اور میجر موردچائی یوسف بن شوم ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا نے بتایا ہے کہ اسرائیلی طیارے نے غزہ کی پٹی کے نذیرات کیمپ میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے میں 30 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز جنوبی لبنان میں بھی فضائی حملہ کیا جس میں اس نے حزب اللّٰہ کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا۔

حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل میں درجنوں راکٹ فائر کیے، جس سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی، اس دوران اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ملیں۔
ادھر غزہ جنگ بندی پر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے مذاکرات میں امریکا نے نئی تجاویز پیش کر دیں۔

حماس نے جنگ بندی سے متعلق امریکی صدر کا دعویٰ مسترد کردیا

حماس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہمیں مذاکرات یا معاہدے کا نہیں، امریکا کے حکم نامے کا سامنا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن کا یہ کہنا کہ معاہدے کے قریب ہیں، ایک وہم ہے۔

واضح رہے کہ مذاکرات اگلے ہفتے قاہرہ میں دوبارہ ہوں گے۔