سابق گورنر سندھ عشرت العباد کا رواں سال کے آخر میں وطن واپسی کا اعلان

اسلام آباد(اُمت نیوز)حال ہی میں اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرنے والے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ عوام تمام سیاسی جماعتوں سے مایوس ہوئی ہے، میرے ساتھ بڑے اچھے لوگ کھڑے ہیں، وقت آنے پر ان کے نام بتاؤں گا۔

سابق گونر سندھ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ یہ لوگ پاکستان میں بھی ہیں اور باہر بھی ہیں، میں ابھی نئی جماعت بنانے کے پراسس میں ہوں۔عشرت العباد نے کہا کہ میں نے دوستوں کے مشورے کے باعث عوام پاکستان پارٹی جوائن نہیں کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ملکی مسائل کا حل موجود ہے، اور کہا کہ آئی پی پیز کا معاملہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، بند پلانٹس پر کیوں ادائیگی کی جارہی ہے، اس معاملے پر کمیٹیاں بنانا بے کار ہے، یہ معاملہ بہت جلد حل کیا جاسکتا ہے۔ سابق گورنر سندھ نے کہا کہ میں اسی سال پاکستان آجاؤں گا۔