اسلام آباد:سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت آرٹیکل 6 لگا کر دیکھ لے، میں یہیں ہوں،یہیں رہوں گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔اس موقع پر صحافی نے پوچھا کہ آپ نے جس انداز سے اسمبلی تحلیل کی اس پر آرٹیکل 6 لگانے کا کہا جا رہا ہے؟ اس پر عارف علوی نے کہا کہ آرٹیکل 6 اگر لگانا چاہیں تو کوشش کرلیں اور اپنی خوشی بھی پوری کر لیں، یہ 1500 کیسز چلا چکے ہیں مزید بھی کیس بنا دیں یہ کوشش کرلیں مجھے بھی موقع ملے گا۔
صحافی نے کہا کہ قاضی فائز عیسٰی نے آپ کا نام لے کر کہا 90 دن میں الیکشن تاریخ نہ دے سکے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں نے بھی قاضی صاحب کے بارے میں بہت کہا اس کی بھی اہمیت قاضی فائزعیسٰی کو ہونی چاہیے۔
عارف علوی سے پوچھا گیا کہ کیا آپ آرٹیکل 6 کی کارروائی کے لیے تیار ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ میں زندہ بھی اسی ملک میں ہوں اور پاکستان میں ہی رہوں گا، آرٹیکل 6 کیا ہے زندگی اور موت کی جنگ، میں بھی یہیں ہوں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمیشہ سے آڈیو لیک کے خلاف رہا ہوں، میری پرائیویٹ گفتگو کسی کو سننے کا حق نہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق سوال پر عارف علوی نے جواب دیا کہ انشاءاللہ وہ جلد باہر آئیں گے۔