میں تو چاہتی ہوں پورے پاکستان کو ریلیف ملے، فائل فوٹو
میں تو چاہتی ہوں پورے پاکستان کو ریلیف ملے، فائل فوٹو

کیا کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا بیوقوفی نہیں؟مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ سندھ پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف کو بیوقوفی کہنے والے بتائیں کہ کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا بیوقوفی نہیں؟

میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ جیل گئی مقدمات کا سامنا کیا میری آنکھ میں آنسو نہیں آئے، بچوں کو گارڈ آف آنر ملتے دیکھا تو آنکھیں نم ہو گئیں، مجھے رلانا کوئی آسان کام نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں 138 پوزیشن ہولڈرز ہیں، ان 138پوزیشن ہولڈرز میں سے بیٹیوں کی تعداد زیادہ ہے، میرے لئے بیٹیاں اور بیٹے برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے 2011 میں لیپ ٹاپ اسکیم شروع کی، آپ کو حکومت کی جانب سے تمام آسانیاں ملنی چاہئیں، اللہ کے نظام میں ناانصافی نہیں ہے۔

تقریب کے دوران بجلی بلوں میں ریلیف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی بل میں 2 ماہ کا ریلیف دینے پر خوشی ہے، ریلیف دینے پر کچھ لوگوں نے بیوقوفی کا لفظ استعمال کیا، کیا عوام کوریلیف ملنا بے وقوفی ہے؟ کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا اور ہیلی کاپٹروں میں گھومنا بے وقوفی نہیں؟۔

ان کا کہنا تھا کہ تنقید ہو رہی ہے کہ شارٹ ٹرم ریلیف دیا، یہ شارٹ ٹرم نہیں، لمبا ریلیف ہے، 2 ماہ بعد سولر کا بڑا منصوبہ لا رہے ہیں،اگرعوام کو 2 ماہ کا ریلیف بھی مل جائے تو میرے لیے اس سے زیادہ سعادت و خوشی کی بات نہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میں تو چاہتی ہوں پورے پاکستان کو ریلیف ملے، پنجابی بعد میں پہلے پاکستانی ہوں، پنجاب میں ریلیف کسی نے تحفے میں مجھے نہیں دیا۔