اسلام آباد(اُمت نیوز)ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر نائیجیریا سے آنے والے مسافر سے 7.5 کلو ویڈ، پشاور ایئر پورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 980 گرام آئس جبکہ کراچی ایئر پورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 402 گرام آئس برآمد کی گئی۔
اسی طرح لاہور ایئر پورٹ سے سعودی عرب جانے والے مسافر سے 150 گرام نشہ آور گولیاں، جی ٹی روڈ نوشہرہ پر 2 ملزمان سے 2.4 کلو افیون، 6 کلو ہیروئین، 1.2 کلو چرس اور 3 کلو آئس برآمد کی گئی ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ایم ون اسلام آباد پر 4 ملزمان سے 140 گرام افیون، 150 گرام ہیروئن، 1.2 کلو چرس اور 1.1 کلو آئس برآمد ہوئی ہے۔
کوئٹہ میں دو کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان سے 10 کلو ہیروئین اور 2 کلو آئس برآمد کی گئی ہے۔
کراچی میں یونیورسٹی کے قریب سے ملزم سے 98 گرام چرس اور 20 گرام آئس برآمد کی گئی ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔