اسلام آباد: قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی اجلاس میں ممبر کمیٹی کے سوال ’’انٹرنیٹ سلو کا مسئلہ کب تک حل ہوگا یہ تو بتادیں‘‘ کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ مجھے اگلی سانس کا نہیں پتہ تو یہ کیسے بتا سکتا ہوں، سب میرین کیبل 27اگست تک ٹھیک ہو سکتی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے رکن و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موبائل کمپنیوں کے انضمام سے کوالٹی آف سروس انتہائی متاثر ہوئی، پی ٹی اے موبائل فون آپریٹرز بڑھانے کیلئے اقدامات کرے۔
رکن کمیٹی نے سوال کیا کہ سیکیورٹی خدشات پر سروس بندہے تو بتایا جائے کب بحال ہوگی، پی ٹی اے کوئی جواب نہیں دے رہا، کیا ہم پاکستانی نہیں۔
اجلاس میں سید امین الحق نے سوال کیا کہ بتایا جائے انٹرنیٹ سروس کیوں متاثر ہیں؟ فائروال لگا ہے یا نہیں؟ میڈیا کو پی ٹی اے آگاہی دے تاکہ عوام کو آگاہ کیا جاتا رہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے حکم دیا ہے کہ فائر وال لگائی جائے، پی ٹی اےعمل کررہا ہے، یہ معلوم نہیں فائروال کی وجہ سے سسٹم سست ہوا، فائروال کی اپ گریڈیشن پہلی بار نہیں ہورہی مگر فائروال سے متعلق مکمل وضاحت وفاقی حکومت دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب میرین کیبل میں فالٹ ہے، ممکنہ طور پر اس کی وجہ سے انٹرنیٹ متاثر ہو، سب میرین کیبل 27 اگست تک ٹھیک ہوسکتی ہے اور اس کے ٹھیک ہونے میں وقت بھی لگ سکتا ہے۔
کمیٹی نےانٹرنیٹ میں خلل سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی، کمیٹی نے انٹرنیٹ بندش یا فون ٹیپنگ نظام کی موجودگی پر جواب آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا،کمیٹی نے اسلام آباد، کراچی آئی ٹی پارکس پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ طلب کرلی۔