لاہور ( اُمت نیوز) ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش اور فائر وال کی تنصیب کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
درخواست جوڈیشل ایکٹیوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملک میں بغیر کسی نوٹس اور وجہ بتائے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس بند کر دی گئی ہیں، انٹرنیٹ کی بندش سے کاروبار حتی کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہے ہیں، انٹرنیٹ بند کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔