پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جس کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

انتظامیہ کی جانب سے 40 ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کا 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے کہا کہ 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکیورٹی فراہم کرے گی، جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنوں کو منتشر کیا جائے، 8 ستمبر کو کارکنوں کو جلسہ گاہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا تھا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ جلسہ ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اعظم سواتی نے جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جلسہ ملتوی کیا گیا، جلسے کی نئی تاریخ 8 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔