راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف پہلی اننگز 448 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ محمد رضوان 171 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ سعود شکیل نے 141 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
دوسرے روزمحمد رضوان اور سعود شکیل نے پانچویں وکٹ پر 240 رنز کی شراکت بنائی، سعود شکیل 141 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مہدی حسن میراز نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد 16 رنز بنانے والے سلمان علی آغا نے محمد رضوان کا ساتھ دیا، دونوں کے درمیان 44 رنز کی پارٹنر شپ بنی، سلمان کو شکیب الحسن نے میدان بدر کیا۔
اس کے بعد پاکستان کی کوئی وکٹ نہ گری، محمد رضوان 171 اور شاہین شاہ آفریدی 29 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہتے ہوئے واپس پویلین آئے۔
بنگلادیش کی جانب سے شرف الاسلام اور حسن محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کے 3 کھلاڑی 16 رنز پر آؤٹ ہوئے، عبداللّٰہ شفیق 2، شان مسعود 6 اور بابر اعظم صفر رن پر پویلین لوٹے، جس کے بعد صائم ایوب اور سعود شکیل کے درمیان 98 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو سنبھالا دیا، صائم ایوب 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلا دیش کی جانب سے شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔