اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ترنول میں جلسہ ملتوی ہونے پر پارٹی قیادت پر پھٹ پڑیں اور کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کا بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں، اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح اڈیالہ جیل گئے؟ کس کے کہنے پران لوگوں نے جلسہ ملتوی کرایا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کا ردعمل سامنے آگیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے گئے؟ انہوں نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جسلہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا۔
علیمہ خان نے سوال کیا کہ صبح ساڑھے 7 بجے اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہوسکتی ہے؟ اور کس کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کرایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ لیڈر شپ میں کارکنان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا، موجودہ لیڈرشپ کا عمران خان کو باہر نکالنے کا ارادہ ہی نہیں ہے، پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے، اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا۔
علیمہ خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ فیصلےخود کرتے ہیں اور نام بانی پی ٹی آئی عمران خان کا لیتے ہیں۔