واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے، فائل فوٹو
واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے، فائل فوٹو

رحیم یار خان، ڈاکوؤں کا پولیس قافلے پر حملہ، 11 اہلکار شہید

رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں 7 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں دو گاڑیوں پر ڈاکوؤں نے حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق دونوں پولیس موبائل میں 20 سے زائد اہلکار موجود تھے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں پولیس موبائل بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر راکٹ سے حملہ کیا۔

واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے جبکہ نفری کی قیادت ضلعی پولیس آفیسر عمران کررہے ہیں۔صورت حال کے پیش نظر جائے وقوعہ پر ایمبولینسسز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کچے کے علاقے میں پولیس پر راکٹ لانچرز سے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور آئی جی کو وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی جس پر دونوں شخصیات روانہ ہوگئیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکریٹری داخلہ نور الامین مینگل کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاپتہ پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے موثر آپریشن کی ہدایت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

صدر مملکت کا واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کی بلندی درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں پولیس کے قافلے پر ڈاکؤوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرائم جرائم پیشہ افراد اور تخریب کاروں کا سد باب کرتے ہیں، مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کےلیے جلد صحتیابی کی دعا کی۔