گلشن معمار میں گردآلود ہوائیں چلیں، فائل فوٹو
گلشن معمار میں گردآلود ہوائیں چلیں، فائل فوٹو

کراچی میں 26اگست سے شدید بارش کا امکان

کراچی: ملک میں اتوار سے طاقت ور مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس کے زیر اثر شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 سے 29 اگست کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ بنگال سے ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوگا۔ 25 سے 29 اگست کے دوران کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ، مٹھی، میر پور خاص، سکھر، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر مقامات پر معمول سے تیز موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 26 سے 30 اگست کے دوران قلات، لسبیلہ، بارکھان، جعفر آباد، ژوب، کوئٹہ، زیارت و دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارشیں بھی ہوسکتی ہے۔ 25 اگست سے 28 اگست کے دوران مری، پنجاب، بالائی پنجاب، گلیات، اسلام آباد ،لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالہ سمیت جنوبی پنجاب و دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح 26 سے 28 اگست کے دوران بالائی پختونخوا، ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، ہنگو و دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔