ایران(اُمت نیوز)ایران بس حادثے میں جاں بحق 6 افراد کی میتیں کندھ کوٹ پہنچائی گئیں جہاں مقامی اسکول میں ان کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ، شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ 2 خواتین سمیت 10 زائرین کی میتیں لاڑکانہ میں ان کے گھر منتقل کر دی گئیں۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم کی ہدایت پر خصوصی طیارہ بس حادثے کے 28 افراد کی میتیں اور 25 زخمیوں کو لے کر جیکب آباد پہنچا تھا۔
ایئر بیس پر ادا کی گئی نمازِ جنازہ میں سندھ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ، ایئر فورس افسران، علمائے کرام اور ورثاء نے شرکت کی جس کے بعد ورثاء اپنے پیاروں کی میتیں لے کر آبائی علاقوں کی طرف روانہ ہو گئے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے زائرین کی میتوں اور زخمیوں کو ایئر ایمبولینس سے کراچی منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق جاں بحق 2 زائرین اور 2 زخمیوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
حادثے کے 7 زخمی اس وقت بھی ایران میں زیرِ علاج ہیں، زائرین میں سے زیادہ تر کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔
دوسری جانب حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کے لواحقین نے سالار اور بس انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔