لاہور (اُمت نیوز) مخدوم الاولیا سیدنا حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 981 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز آج سے ہوگا۔
عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار شریف پر رسم چادرپوشی سے ہوگا، سینیٹر اسحاق ڈار رسمِ چادر پوشی و سبیل دودھ سے افتتاح کریں گے۔
دوسری جانب محکمہ اوقاف پنجاب نے تین روزہ تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر داتا دربار نے کہا کہ جامعہ مسجد داتا دربار میں روحانی اجتماعات میں معروف علماء کرام خطاب کریں گے جبکہ محفل سماع عرس کے دوسرے اور تیسرے روز تک جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لنگر، سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے، سکیورٹی کیلئے چار ہزار پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔