پنڈی ٹیسٹ کا آخری دن، بنگلہ دیش کی پوزیشن مستحکم

راولپنڈی (اُمت نیوز)پنڈی ٹیسٹ کے آخری روز مہمان ٹیم بنگلہ دیش کی پوزیشن مستحکم جب کہ پاکستان نے پہلی اننگ میں خسارے کے بعد دوسری اننگ میں 28 رنز پر دو وکٹیں گنوا دی ہیں۔

پنڈی ٹیسٹ کے آخری روز کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگ کا آغاز ایک وکٹ پر 23 رنز سے کیا۔ تاہم کپتان شان مسعود ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور ٹیم کے مجموعے میں صرف پانچ رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 14 کے انفرادی اسکور پر حسن مہمد کی وکٹ بن گئے۔

اس وقت پاکستان کا اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز ہے اور اسے ممکنہ شکست سے بچنے کے لیے 84 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز بنگلہ دیش کی ٹیم نے جم کر پاکستانی بولرز کا سامنا کیا اور 565 رنز کا مجموعہ سجا کر پاکستان کی پہلی اننگ 448 رنز پر 117 رنز کی قیمتی برتری حاصل کر لی تھی۔

مشفق الرحیم نے 191 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جب کہ اوپنر شادمان اسلام نے 93 اور مومن الحق نے 50 رنز اسکور کیے۔ مڈل اور لیٹ آرڈر میں مہدی حسن میراز اور لٹن داس نے بالترتیب 77 اور 56 رنز کی اننگ کھیل کر بنگلہ دیش کی پوزیشن کو مستحکم بنایا۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین، شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل 448 رنز چھ وکٹوں پر ڈکلیئر کر دی تھی۔