فال فوٹو
فال فوٹو

عمران سے ملاقات کیلیے جس نے سہولت دی اس نے ملک کیلیے مثبت کام کیا، اعظم سواتی

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلیے جس نے سہولت دی وہ ایک مثبت عمل تھا۔

سینیٹر اعظم سواتی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جس نے بھی سہولت فراہم کی وہ پاکستان کے لیے ایک مثبت عمل تھا، یہ پاکستان کے نظام کو بچانے کے لیے ایک مثبت عمل تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اس خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہیں کہ جلسہ منسوخ کرنے سے ہمیں کوئی رعایت ملے گی، ہم آئین اور قانون کی پاسداری چاہتے ہیں، عمران خان جیل کی صعوبتیں برداشت کرے گا ہمیں کوئی رعایت نہیں چاہیے۔

یاد رہے کہ 22 اگست کی صبح اعظم خان سواتی نے اڈیالہ جیل راول پنڈی میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں مشاورت کے بعد پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسہ منسوخ کردیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بتایا تھا کہ یہ فیصلہ عمران خان نے کیا ہے۔