پی ٹی آئی کے عاطف خان، شیر علی پارٹی عہدوں سے فارغ

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں مزید اختلافات سامنے آ گئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) نے اراکین اسمبلی عاطف خان اور شیر علی ارباب کو پارٹی عہدوں سے ہٹادیا۔

عاطف خان پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر اور شیر علی ارباب ضلع پشاور کے صدر تھے۔

عاطف خان نے برطرف وزیر شکیل خان کےحق میں بیان دیا تھا جبکہ شیر علی ارباب نے وزیراعلیٰ پر اعتماد سے متعلق اقرار نامے پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا۔

عاطف خان کی جگہ ارباب عاصم کو پی ٹی آئی پشاور ریجن کا صدر مقرر کیا گیا ہے جب کہ عرفان سلیم کو پی ٹی آئی ضلع پشاور کا صدر اور شہاب ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

شیر علی ارباب کا کہنا ہے کہ عہدے سے ہٹانے کی وجوہات کا علم نہیں۔

واضح رہے کہ شکیل خان کے حق میں بیان دینے پر علی امین گنڈاپور نے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو فوکل پرسن برائے اراکین قومی اسمبلی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

دوسری جانب گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ شکیل خان کو خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن بے نقاب کرنے پر وزارت سے ہٹایا گیا ہے۔