کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

کراچی (اُمت نیوز)کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کا آغاز ہوگیا، کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق شہر قائد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوچکی ہے، ملیر اور ایئرپورٹ کے اطراف میں گرج چمک کے ساتھ برسات ہوئی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، اسکیم 33، سعدی ٹاؤن، جیل چورنگی اور پی ای سی ایچ ایس سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔گلشن معمار، احسن آباد، ڈیفنس فیز ون، محمود آباد اور منظور کالونی میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے طاقتور سسٹم کے زیر اثر کراچی میں بارشوں کا سلسلہ 31 اگست تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد، ٹھٹہ، مٹیاری، بدین، تھرپارکر، سانگھڑ، نواب شاہ اور میرپور خاص سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔