سیہون(اُمت نیوز) دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں خطرناک اضافے کے باعث سیلابی ریلا نے علاقے کو شدید متاثر کیا ہے۔ سیہون کے مقام پر دریائے سندھ میں 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا کوٹری بیراج کی طرف گامزن ہے۔
سیلاب کے باعث سیہون اور مانجھند تحصیلوں کے کچے علاقے کے 50 دیہات زیر آب گئے ہیں اور متعدد دیہاتوں کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ 25 سکول بھی سیلابی پانی کی زد میں آ گئے ہیں۔
محکمہ آبپاشی نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے دریائے سندھ کے پشتوں پر ایمرجنسی نافذ کر کے نگرانی شروع کر دی ہے۔ سیلابی پانی کے باعث سیہون اور مانجھند کے کچے علاقے میں سڑکیں بھی ڈوب گئی ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔