کراچی (اُمت نیوز)ایتھوپین ایئر لائن کے طیارے نے بھارتی شہر احمد آباد کے ایئر پورٹ پر اترنے میں ناکامی پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرلی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایتھوپین ایئر لائن کے بوئنگ 737 کارگو طیارے نے پرواز ای ٹی 3644 کے طور پر ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا سے اڑان بھر کر گزشتہ صبح مقامی وقت کے مطابق 4 بج کر 15 منٹ پر ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی،طیارہ رن وے کے عین قریب پہنچ گیا مگر لینڈنگ نہ کر سکا۔
اے ٹی سی کی ہدایت پر پائلٹ 1500 فٹ کی بلندی سے واپس چلا گیا،بعدازاں پائلٹ نے طیارے کا رخ کراچی کی طرف کردیا اور سوا گھنٹے بعد مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 31 منٹ پر طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی، کراچی میں عملے نے آرام کیا جس کے بعد کارگو طیارے نے احمد آباد کے لیے اڑان بھری۔