راولپنڈی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملوں کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد علی قریشی شہید، نائیک عطا اللہ شہید، سپاہی محمد سلیم شہید اور سپاہی محمد یاسر بشیر شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد علی قریشی کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور نے شرکت کی جبکہ دیگر شہدا کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارےشہدا کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں میں 14 جوان شہید ہوگئے تھے۔