جے یو آئی کارکن پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، فائل فوٹو
جے یو آئی کارکن پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، فائل فوٹو

مولانا فضل الرحمن نے تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کردی

لاہور: سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے 28 اگست کو تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ میں مولانا سید محمود میاں کی زیر صدارت مجلس ختم نبوت اور جے یو آئی راہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے 28 اگست کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی کارکن اس پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں اور جے یو آئی بزنس فورمز ملک گیر ہڑتال میں بھرپور حصہ لیں۔

اجلاس میں 7 ستمبر کو گولڈن جوبلی ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات پر مشاورت بھی کی گئی۔مولانا فضل الرحمن نے اس کانفرنس کی اہمیت پر گفتگو کی اور انتظامی کمیٹیوں کو حتمی شکل دی۔

اجلاس کے شرکا نے مولانا فضل الرحمن کو سپریم کورٹ میں حاضری اور مبارک ثانی کیس میں کامیابی پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔