اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی بری فوج کے سربراہ جنرل لی چیاؤمنگ کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر بری افواج کو نشان امتیاز (ملٹری) دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔وزیر اعظم شہباز شریف و دیگر وزرا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر نے ملاقات کی تھی اور دوران ملاقات آرمی چیف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ فوجی تعاون کو اجاگر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ آرمی چیف نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی بری فوج کے کمانڈر اور جنرل عاصم منیر کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔