بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے، فائل فوٹو
  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے، فائل فوٹو

نیا توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں دائر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیا توشہ خانہ ریفرنس میں ضمانت کی درخواستیں دائر کردیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر کی کیں۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اس وقت جوڈیشل ہیں، نیب توشہ خانہ کیس میں نیا ریفرنس دائر کر چکا ہے، ہماری درخواستوں کی جلد از جلد سماعت کے لئے کل کی تاریخ مقرر کی جائے۔

عدالتی عملے نے کہا کہ کل درخواستیں مقرر نہیں کی جا سکتیں، نیب کو نوٹس بھی کیا جانا ہے، جس پر خالد یوسف چودھری نے کہا کہ پرسوں درخواستیں جیل میں سماعت کے لئے مقرر کردی جائیں، عدالتی عملے نے کہا کہ پرسوں جیل میں 190 ملین کیس کا ٹرائل ہے، اس دن بھی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر نہیں کی جا سکتیں۔

بعدازاں عدالت نے نیب توشہ خانہ کیس ٹو کا تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے نیب کو تمام ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کردی اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں 30 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کردیں۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔