کراچی (اُمت نیوز)انجمن تاجران کراچی کے صدر جاوید شمس کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مکمل ہڑتال ہو گی، سیاسی قیادت ناکام ہوچکی ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر نے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی کاروبار مکمل بند رہے گا، ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ حکمران طبقہ تاجر طبقے اور عوام سے جینے کا حق چھیننا چاہتا ہے، تاجر دوست اسکیم موجودہ شکل میں کسی صورت قبول نہیں۔
ادھر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے کہا ہے کہ کراچی سے خیبر تک تمام تاجر تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسائل حل نہ ہوئے تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔
صدر آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا ہے کہ یہ تاجروں کی نہیں شہریوں کی ہڑتال ہے، عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے۔
علاوہ ازیں پشاور کی تاجر تنظیمیں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال پر ہیں، تاجروں کی جانب سے مختلف بازار بند رکھےگئے ہیں۔
تاجر یونینز نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔