اسلام آباد(اُمت نیوز)خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس دوسری بار اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا، کابینہ اراکین اور وزراء نے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال لیے، خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کل کے پی ہاؤس اسلام آباد میں ہو گا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لئے کابینہ ارکان کے نام مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، کابینہ اجلاس 54 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، شانگلہ ٹاپ میں ریسٹ ہاؤس کی تعمیر، رولز آف بزنس 1985 میں ترمیم بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں 7 مشترکہ قراردادیں بھی شامل ہیں، ماہانہ اجرت 32 ہزارسے بڑھا کر36 ہزار روپے مقررکرنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔
اجلاس کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ قانون سمیت دیگر محکموں کے بلوں اور ترامیم کی بھی اجلاس کے دوران منظوری دی جائے گی۔