راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اگران کا پلان بی بن گیا تو عہدے سے اترتے ہی شہباز شریف بھی مسنگ پرسن ہو جائیں گے۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھپے ہوئے پی ٹی آئی کے کسی بندے کو باہر آنے کا نہیں کہا،اس خبرکی سختی سے تردید کرتا ہوں۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں جیلوں سے ڈر نہیں لگتا ہمارے بندے اغوا کرلیے جاتے ہیں، ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل اکرم کو بھی اغوا کرلیا گیا،پولیس کہتی ہے لڑکی کے ساتھ بھاگ گیا، سب کو پتا ہے اکرم کوکس نے اغوا کیا، اگر ان کا پلان بی بن گیا تو عہدے سے اترتے ہی شہباز شریف بھی مسنگ پرسن ہو جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پہلے کہتے تھے ہم نے جو سیٹلمنٹ کرکے لوگ آباد کیے اس سے دہشت گردی واپس آئی، اب محسن نقوی کہہ رہا ہے کراس بارڈر دہشتگردی ہو رہی ہے ، اسکا مطلب ہے آپ جھوٹ بول رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی دہشت گردی افغان حکومت کے تعاون کے بغیر ختم نہیں ہو سکتی، دہشت گردی ملک کو تباہ کر رہی ہے اس کی مذمت کیسے نہیں کروں گا، بلوچستان اور کچے میں دہشتگردی روکنا کس کی ذمے داری ہے؟
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی تب ختم ہو گی جب بلوچستان کے منتخب لوگوں کو بٹھایا جائے گا، بلوچ عوام ملک کے خلاف ہو رہے ہیں جو پاکستان کے لئے بہت خطرناک بات ہے، یہ سارا نزلہ اسٹیبلشمنٹ پر گر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ای وی ایم (ووٹنگ مشین) لانا چاہتا تھا لیکن باجوہ،الیکشن کمیشن اور پی پی پی نے نہیں لانے دی، فائز عیسی کے جاتے ہی 4حلقے کھلنے ہیں اور یہ حکومت گر جائے گی، 8 ستمبر کا جلسہ کسی صورت منسوخ نہیں کریں گے، عوام کو کہتا ہوں باہر نکلیں جلسے میں شرکت کریں، کارکنان 8ستمبر کے جلسے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہو رہی،معیشت ڈوب رہی ہے، حکومت قرض پر قرض لئے جا رہی ہے،آمدن نہیں ہے قرض کیسےادا ہوں گے؟