ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے، فائل فوٹو
ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے، فائل فوٹو

کراچی میں تیز ہواؤں کا راج، سیکڑوں درخت زمین بوس، خاتون جاں بحق

  کراچی: کراچی میں ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی جس کے سبب شہر میں  سیکڑوں درخت اور سائن بورڈز گرگئے، سولر پینل کی پلیٹیں اور کچی آبادیوں میں ٹین کی چھتین اڑ گئیں۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب درخت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ریسکیوعملے کے مطابق خاتون کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ خاتون کی لاش کو سول ہپستال منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بیت المکرم مسجد کے اطراف کا سرسبز علاقہ ہے جہاں بڑے بڑے درخت موجود ہیں۔ کراچی میں گزشتہ تین روز سے بارش کا سلسلہ وفقے وفقے سے جاری ہے اور ہوا کا دباؤ بھی زیادہ ہے۔

بحیرہ عرب میں طوفان کی موجودگی کے اثرات شہر پر ظاہر ہورہے ہیں، کراچی میں ہواؤں کی رفتار خطرناک حد تک تیز ہوچکی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے۔

تیز ہوا کے سبب شہر میں متعدد جگہ درخت گرنے کی اطلاعات اور تصاویر موصول ہورہی ہیںِ، کئی جگہ سائن بورڈ گرنے، ٹین کی چھتیں اڑنے، بائیک سلپ ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ کورنگی نمبر5، ڈیفنس ،لانڈھی ، ملیر، شاہ فیصل کالونی، حسن اسکوائر، سبزی منڈی، لیاقت آباد ، ناظم آباد، اورنگی، بلدیہ ٹائون اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث درخت گرگئے، گلشن اقبال بلاک 17  میں درخت کے ساتھ بجلی کا کھمبا بھی گرا جس سے سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیپ ڈپریشن کا مرکز بحیرہ عرب میں داخل ہورہا ہے جو کراچی کے جنوب مشرق سے 190 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم سےکراچی میں ہواؤں کے جھکڑ 40 سے 45 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہے ہیں جب کہ ائیرپورٹ اور اطراف میں 20 سے 29 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔کراچی میں آج شام یا رات میں بوندا باندی یا ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں سمندری ہوائیں 27 سے 32 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔