لاہور(اُمت نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے 18 اگست کے انتخابات میں نادرا بائیو میٹرک سسٹم اور پی ای سی ڈیٹا بیس کی 4 گھنٹے بندش پر نوٹس لے لیا۔
الیکشن میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ راجہ رفعت مختار کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔
پی ای سی کے ذرائع کے مطابق انکوائری افسر متعلقہ بےضابطگیوں کی تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائیں گے، انکوائری کمیٹی ایک ہفتے بعد باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال نے ووٹنگ کاسٹ نہ ہونے پر تحریری شکایت دائر کر دی، نادرا سسٹم ڈاؤن ہونے سے وہ بھی ووٹ نہیں ڈال سکے تھے۔
احسن اقبال پیکو روڈ نادرا آفس پولنگ اسٹیشن پر 3 گھنٹے انتظار کے بعد ووٹ ڈالے بغیر چلے گئے تھے۔
احسن اقبال کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ انجنیئرز کی بہت بڑی تعداد سسٹم فیل ہونے پر ووٹ ڈالنے سے محروم رہی، انتظامیہ نے بغیر بائیو میٹرک تصدیق ووٹ ڈالنے کی اجازت دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شفاف تحقیقات سے واضح ہو جائے گا کہاں کہاں ووٹ کا غلط استعمال ہوا۔