واشنگٹن(اُمت نیوز) سینئر ججز پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے آج سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کا استقبال کیا۔
وفد میں لاہور، سندھ، پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز ججز صاحبان ، ضلعی عدلیہ کے ججز اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل شامل تھے۔ مسز مارٹینا پولاسک ، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل سنٹر برائے تنازعات سرمایہ کاری ورلڈ بنک ، زمرک خان اور امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل لا ڈویلپمنٹ پروگرام کے دیگر ممبران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔
یہ اعلیٰ وفد اس وقت امریکہ کے دورے پر ہے جس کے دوران وہ اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کر رہا ہے تاکہ ملکی اور سرحد پار تنازعات کے تصفیے کے ماحول کو مضبوط بنانے، معاہدوں کے نفاذ کو بہتر بنانے، عدالتوں میں زیر التوا کیسز کی تعداد کو کم کرنے اور انصاف تک موثر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے علم اور مہارت کا تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
جسٹس شاہد وحید نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ امید اور خواب کا سفر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی قانونی برادری ملک میں ایک موثر نظام انصاف کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
مسز مارٹینا پولسیک نے اپنے ریمارکس میں اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سینئر ججز اور قانونی برادری کے اراکین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قانون کے شعبے میں معلومات کے تبادلے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دے گا۔
علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ بھی امریکہ روانہ ہونگے جہاں وہ لیگل سیمینار میں شرکت کرینگے۔ ان کی 12 ستمبر کو واپسی ہوگی اور 16 ستمبر سے جوڈیشل ورک کا آغاز کریں گے۔