خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ، تعداد 4 ہوگئی

خیبرپختونخوا(اُمت نیوز)خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جس کے بعد صوبے میں منکی پاکس کیسز کی تعداد 4 ہوگئی۔

ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا، بیرون ملک سے آنے والے 47 سالہ مریض میں منکی پاکس کی تصدیق ہوگئی۔

ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ ایئر پورٹ پر اسکریننگ کے دوران علامات ظاہر ہوئیں، علامات ظاہر ہونے پر مریض کو پولیس سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا اور اب پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری نے مریض میں ایم پاکس کی تصدیق کردی۔

ڈاکٹر ارشاد علی نے مزید بتایا کہ مریض کی حالت بہتر ہے اور اسپتال میں زیرعلاج ہے، مریض کا تعلق پشاور سے ہے، ابھی تک کوئی بھی لوکل کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں رواں سال منکی پاکس وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔