روس کا یوکرینی فوجی ادارے پر خوفناک حملہ، 50 افراد ہلاک

یوکرین(اُمت نیوز)روس نے یوکرینی فوجی ادارے پر خوفناک حملہ کیا جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 271 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے مرکزی قصبے پولٹیوا میں قائم ملیٹری انسٹیٹیوٹ پر روس نے دو بلیسٹک میزائلوں سے حملہ کیا جو رواں برس کا سب سے بڑا اور خونی حملہ ہے، سوشل میڈیا پر حملے کی فوٹیجز بھی گردش کر رہی ہیں، ویڈیوز میں کئی نوجوانوں کی لاشیں نظر آرہی ہیں اور ملبہ پھیلا ہوا ہے اور وہاں عمارت کا تباہ ہونے والا ایک بڑا حصہ نظر آرہا ہے۔

یوکرینی صدر وولودیمرزیلنسکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلیگرام پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ روس کے اس حملے پر ان کا احتساب کیا جائے گا اور انہوں نے واقعے کی مکمل اور جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ روسی حملے میں ملیٹری انسٹیٹیوٹ کی کمیونیکیشنز کی عمارت تباہ ہوئی ہے۔

پولٹیوا کے گورنر فلپ پرونین نے مزید کہا کہ تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے میں اس وقت بھی 15 افراد دبے ہوئے ہیں اور ایمرجنسی سروسز کے ترجمان اولیکسندر خورنشئے نے بتایا کہ ملبے تلے دب جانے والے افراد کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔