امریکا(اُمت نیوز)امریکی کانگریس کے رکن ٹام سوازی پاکستان کاکس کے نئے چیئرمین منتخب منتخب ہوگئے، وہ نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کے رکن ٹام سوازی کو پاکستان کاکس کا نیا چیئرمین منتخب کرلیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کاکس کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے انتہائی پُرجوش ہوں، پاک امریکا تعلقات کو زید مستحکم بنانے کے لیے کوشاں رہوں گا۔
چیئرمین پاکستان کاکس ٹام سوازی آئندہ ماہ نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے، ٹام سوازی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
اس پیشرفت کے سامنے آنے کے بعد واشنگٹن میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید اور ٹام سوازی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے ٹام سوازی کو پاکستان کاکس کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی جبکہ ٹام سوازی نے پاک امریکا تعلقات بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس دوران امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر نے پاک امریکا تعلقات کو دونوں ممالک اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور واضح کیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکسن انتقال کر گئی تھیں، شیلا جیکسن کافی عرصے سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں۔
شیلاجیکسن پاکستان میں زلزلے اورسیلاب کے دوران مدد میں پیش پیش رہیں، وہ امریکی کانگریس میں پاکستان کی سرگرم حامی تھیں، شیلا جیکسن کو 2022 میں ہلال پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔