اسلام آباد(اُمت نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کا ججزڈیوٹی روسٹر جاری کردیا، جس کے مطابق 9 بینچ تشکیل دیے گئے ہیں۔
گرمیوں کی عدالتی تعطیلات کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیر کے روز سے معمول کے مطابق کیسز سنے جائیں گے۔ 10 جولائی سے شروع ہونے ہونے والی موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کل ختم ہو جائیں گی، جس کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی کے سوا دیگر تمام ججز کیسز کی سماعت کریں گے۔
آئندہ ہفتے کے لیے جاری کیے گئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق 7 سنگل اور 2 ڈویژن بینچ تشکیل دیے گئے ہیں، جن کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 11 سے 13 ستمبر کو دستیاب ہوں گے جب کہ جسٹس ارباب محمد طاہر 12 اور 13 ستمبر کو دستیاب ہوں گے۔
چیف جسٹس کی ہدایت پر خصوصی ڈویژن بینچ اور لارجر بینچ بھی دستیاب ہوگا۔