چوہدری شجاعت کی پرویز الٰہی سےملاقات کے بعددارالحکومت میں اہم ملاقاتیں

اسلام آباد(اُمت نیوز)چوہدری شجاعت کی گزشتہ روز پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد دارالحکومت میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے متحرک ہو گئے اور انہوں نے اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے سربراہوں، اراکین پارلیمنٹ ، سینئر صحافیوں سمیت حکومتی شخصیات سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

واضح رہے کہ چوہدری شجاعت کی کافی عرصے کے بعد گزشتہ روز لاہور میں پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں دونوں نے ایک دوسرے سے گلے شکوے کیے اور ذاتی و خاندانی سطح کے معاملات کو مل بیٹھ کر طے کرنے پر اتفاق کیا۔

پرویز الٰہی کی ملاقات کے بعد چوہدری شجاعت حسین سے وفاقی دارالحکومت میں سابق صدر وسیم سجاد، مشاہد حسین سید، محمد علی درانی سمیت اراکین پارلیمنٹ نےملاقاتیں کی ہیں۔ علاوہ ازیں چوہدری شجاعت حسین نے سینئر صحافی عامر الیاس رانا کی والدہ اور محسن بیگ کے بھائی کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، پارٹی ترجمان مصطفی ملک بھی ملاقاتوں میں موجود تھے ۔ اس دوران ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاستدان ذاتی مفادات اور تعصبات کو ترک کر کے قومی مفادات کو ترجیح دیں۔ قومی رہنماؤں کو سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے آگے آنا چاہیے۔ اراکین پارلیمنٹ پر بھی ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسائل سے نکلنے کے لیے قومی ایجنڈا ترتیب دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔