پی ٹی آئی کا جلسہ،اسلام آباد کے داخلی راستے بند کردیے گئے

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی وجہ سے سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلیے بند کردیا گیا۔

جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جبکہ امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔

ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کیا گیا ہے، ریڈ زون میں داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانے کی اجازت ہوگی۔

موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کردیے گئے ہیں، ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگادیے گئے۔

مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے، روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینر لگاکر بند کردیا گیا۔

اسی طرح فیض آباد انٹرچینج مکمل طور پر سیل ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بارڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔