اسلام آباد(اُمت نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قوموں کا مقدر بدلنے میں تعلیم اور خواندگی کا اہم کردار ہے۔
عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تعلیم اور خواندگی ہماری قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں، آئین کے آرٹیکل 25 اے کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے، آج ہم ہر شہری کو تعلیم فراہم کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ناخواندگی کے مسئلے کے پیشِ نظر قومی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا، تعلیمی ایمرجنسی کا مقصد سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنا اور 7 کروڑ بالغ افراد کو تعلیم دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر خواندہ شہری سے اپیل ہے کہ وہ کم از کم ایک ناخواندہ شخص کو تعلیم دے، خواندگی میں اضافے کیلئے بینظیر تعلیمی وظائف دیئے جا رہے ہیں، مستحق بچوں کو اعلیٰ ثانوی سطح تک تعلیمی وظائف کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ تمام اضلاع میں لڑکوں کیلئے 4000 اور لڑکیوں کیلئے 4500 روپے تک فی سہ ماہی وظیفے دیئے جا رہے ہیں، اس وقت 97 لاکھ بچے بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کو 102,000 انڈر گریجوایٹ سکالرشپس دی گئی ہیں، ہمیں تعلیم کے عالمگیر حق کے فروغ کے قومی مقصد کیلئے خود کو دوبارہ وقف کرنا ہوگا، ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ہر فرد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔