عمران2ہفتے میں رہا نہ ہوئے تو اڈیالہ سے لے جائینگے،علی امین گنڈاپور کی دھمکی

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ قانونی طور پر اگر دو ہفتوں میں عمران خان رہا نہ ہوا تو پھر ہم اڈیالہ سے لے جائینگے ۔

اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان کو آخری ملاقات میں بتا دیا ہے کہ اب جو کرینگے ہم کریں گے ، خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوگا تو سنو خواجہ آصف یہ تمہارا باپ بھی نہیں کرسکتا ، میں فوجی ہوں، فوج کا بیٹا اور بھائی ہوں یہ فوج ہماری ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ لاہور جلسہ کی اجازت ہو یا نہ ہو لاہور میں جلسہ ہوگا ، جو اس پر ظلم ہوا وہ لاہور کے جلسے میں بتاؤنگا ،ان کاکہناتھا کہ قانونی طور پر اگر دو ہفتوں میں عمران خان رہا نہ ہوا تو پھر ہم اڈیالہ سے لے جائینگے ۔

میڈیا پر الزام تراشی کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ میڈیا بکاؤ ہے،یہ صحافی نہیں لفافی ہیں،ان کا کہناتھا کہ اللہ کا واسطہ دے کر بانی چیئرمین سے جلسہ ملتوی کروایا گیا،صبح سات بجے منت ترلے کئے گئے ،بانی چیئرمین تم جیت گئے،ہم بانی چیئرمین کیلئے لڑیں گے مریں گے ،ہم بانی چیئرمین اور پاکستان کیلئے دعا کریں گے ،بانی چیئرمین اس پاکستان کیلئے موسی کی حیثیت رکھتے ہیں،میں آج ملک بھر سے آنے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،میں آپ سب کو خیبر پختونخوا آنے کی دعوت دیتا ہوں ،خیبرپختونخوا میں کسی کا باپ بھی آپ کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ بانی چیئرمین نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے ،بانی چیئرمین نے ہمیشہ آپ کی بات کی ہے ،ان کا کہناتھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو این آر او دیا جاتا ہے ،بانی چیئرمین جیل میں بیٹھ کر جیت جاتا ہے ،میں سپریم کورٹ سے پوچھتا ہوں کہ تم نے ائین کی پاسداری کیوں نہیں کی۔