اوپن یونیورسٹی نے امام و خطیب اور افتاءکے سرٹیفکیٹ کورسز متعارف کردئیے

اسلام آباد،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے معاشرے میں مسجد کے کردار کو فعال کرنے،آئمہ و خطبا کی تربیت کے ذریعے منبر و محراب کے کردار کو موثر بنانے، انہیں دور حاضر کے چلینجز اور ضروریات سے آگاہ کرنے کے لئے امام و خطیب اور افتاء کے سرٹیفکیٹ و ڈپلومہ کورسز متعارف کرکے اِن پروگراموں میں داخلوں کا آغاز کردیا ہے۔تربیتی کورس آئمہ و خطبا اور سرٹیفکیکٹ کورس افتاء پروگرامز کا دورانیہ 6ماہ ہے جبکہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ افتاء پروگرام کا دورانیہ ایک سال ہے۔میٹرک مع امامت و خطابت کا سرٹیفکیٹ جو کسی بھی متعلقہ ادارے سے حاصل کیا گیا ہویا ایم اے علوم اسلامیہ/بی ایس علومہ اسلامیہ کی ڈگری کسی بھی یونیورسٹی۔تربیتی کورس آئمہ و خطبا میں داخلے کے اہل ہیں۔سرٹیفکیٹ کورس افتاء میں داخلے کی اہلیت میٹرک مع تحصص(سپیشلائزیشن)”افتاء”یا شہادتہ لعالمیہ مع فرسٹ ڈویژن(کم ازکم "جید جدا” )مقرر کی گئی ہے۔اِن کورسز میں داخلہ صرف آن لائن لیا جاسکتا ہے۔اِن کورسز کی مکمل تفصیلات پراسپکٹس میں درج کی گئی ہیں۔داخلہ فارم و پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹwww.aiou.edu.pk پر دستیاب ہیں۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے مطابق اُمت کی اصلاح کے لئے منبر و محراب کے شعبے کو مضبوط کرنا ضروری ہے، اس لئے اِن کورسز کو متعارف کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منبر و محراب کا صحیح استعمال اس وقت موثر ہے جب آئمہ و خطبہ کی بھرپور تربیت کی جائے، انہیں عصر حاضر کی دینی مشکلات اور اُن کے تدارک سے آگاہ کیا جائے اس لئے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ نے اِن کورسز کو متعارف کیا ہے جس پر فیکلٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔اللسان العربی، عربی بول چال، لغتہ القرآن، لائبریرین شپ، لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن، آرگینک کچن گارڈننگ، سپیشل ایجوکیشن، سماعت کی خرابی، فکری معذوی، بصری خرابی، جسمانی اور صحت کی خرابی کے سرٹیفکیٹ کورسز کے علاوہ اسلامی فنانس میں ڈپلومہ پروگرام کے داخلے بھی جاری ہیں۔تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk، علاقائی دفاتر یا یونیورسل نمبر 468-112-111-051پر کال کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔